راولپنڈی پولیس نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو بے نقاب کر دیا

ہفتہ 2 اگست 2025 14:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) راولپنڈی پولیس نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو بے نقاب کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گروہ کے 4 افراد کو گرفتار کر کے پیوند کاری میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کر لیے۔ ترجمان کے مطابق پولیس کو 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک گھر سے کسی کے چیخنے چلانے کی آوازیں آ رہی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ائیرپورٹ پولیس نے فوری رسپانس دیا اور موقع پر پہنچ کر دیکھا تو ایک شخص سٹریچر سے بندھا ہوا تھا جسے فوری طور پر آزاد کروا لیا گیا۔ متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ اسے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا اور نشہ آور چیز پلا کر نیم بیہوشی کی حالت میں رکھا گیا پھر مختلف میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے۔

(جاری ہے)

متن مقدمہ کے مطابق ٹیسٹ کا مقصد اس شخص کا گردہ نکال کر اسے فروخت کرنا تھا۔

متاثرہ شخص کی فوری بازیابی سے ایک خطرناک اور غیر قانونی پیوند کاری کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مزید سہولت کاروں اور گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :