راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 5ملزمان گرفتار

ہفتہ 2 اگست 2025 14:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن ’’ڈرگ فری پنجاب‘‘ کے تحت راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں کے دوران پولیس نے مختلف علاقوں سے 5 افراد کو گرفتار کر کےساڑھے 16 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان کے مطابق کلر سیداں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے 10 کلو 948 گرام چرس برآمد کی جبکہ وارث خان پولیس نے 2افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 5 کلو 460 گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ویسٹریج پولیس نے ایک شخص سے 110 گرام آئس جبکہ تھانہ سٹی پولیس نے 30 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ زیر حراست ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان تیار کیے جا رہے ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ منشیات جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی سطح پر کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔