سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ودودیہ سیدو شریف سوات کا دورہ

ہفتہ 2 اگست 2025 15:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا محمد خالد نے گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ودودیہ سیدو شریف سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سوات محمد ریاض خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فضل خالق، سکول پرنسپل ظہور احمد اور دیگر ضلعی تعلیمی افسران و اساتذہ بھی موجود تھے۔

سیکرٹری تعلیم نے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول آنے والے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے طلبہ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور تعلیمی سازوسامان پر مشتمل تحائف پیش کیے۔ والدین نے سیکرٹری تعلیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی روایت کی بنیاد قرار دیا۔سیکرٹری تعلیم نے صبح کی اسمبلی میں شرکت کرتے ہوئے طلبہ، اساتذہ اور والدین سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی سلسلہ بہترین طریقے سے شروع ہو اور بچوں میں یہ احساس پیدا کیا جائے کہ سکول ان کی علمی و اخلاقی ترقی کا مرکز ہے۔ انہوں نے اگست کو قومی یکجہتی اور آزادی کے جذبے سے منانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قوم کے معمار ہیں اور انہیں ایسی نسل تیار کرنی ہے جو خودمختار، خوداعتماد اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی حامل ہو۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ سکول کے ساتھ مستقل رابطہ رکھیں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیکرٹری تعلیم نے سکول کی تعلیمی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا جس میں کلاس رومز، سائنسی لیبارٹری، آئی ٹی لیب اور لائبریری شامل تھیں۔ والدین کےلیے منعقدہ خصوصی نشست میں انہوں نے تعلیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور والدین کی تجاویز پر عمل درآمد کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری تعلیم محمد خالد خان نے سکول کے احاطے میں پھلدار پودا لگایا جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد ریاض خان اور دیگر اہلکاروں نے انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔