عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے،میر لیاقت لہڑی

ہفتہ 2 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ بلوچستان میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ایک مقدس منصب ہے اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، عوام نے ہمیں ووٹ دے کر ایوان میں بھیجا ہے تاکہ ان کے مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگل چوک اسٹریٹ منو جان روڈ کوئٹہ میں لوکل بور اور سولر سسٹم کی تنصیب کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر حاجی محمد زمان مینگل، حاجی محمد اسحاق مینگل، محمد اقبال مینگل، سردارزادہ ہارون مینگل، میر مجیب مینگل، محمد عمران مینگل،غلام دستگیر مینگل، میر ظفر بنگلزئی سمیت علاقے کے معززین اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ عوام نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں اسمبلی تک پہنچایا، اب ہماری اولین ترجیح ہے کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں، عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی قلت اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے خطیر فنڈز منظور کیے گئے ہیں جن سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل ممکن ہوگی اور عوام کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔