اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کریک ڈائون جاری ہے، ڈی سی لاہور

ہفتہ 2 اگست 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے ،گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت شہر بھر میں کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت 173 روپے فی کلو چینی کی منصفانہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قلت کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی ای اوز پیرا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کے نتیجے میں 190 روپے فی کلو چینی بیچنے والی ایک دکان کو سیل اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں کو گراں فروشی پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ باغبانپورہ میں چینی کی قلت کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے انتظامیہ نے 36 ٹن چینی پہنچا دی، جس سے علاقے میں چینی کی دستیابی یقینی بنا دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہر میں چینی کی173 روپے فی کلو فروخت ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے، کاروبار کے نام پر عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، شہریوں کی سہولت کے لیے گراں فروشی کی شکایات درج کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا کنٹرول روم نمبر 03070002345 فعال کیا گیا ہے، عوام سوشل میڈیاپلیٹ فارمز کے ذریعے بھی ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کر کے گراں فروشی کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کے استحصال کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ کریک ڈائون مزید موثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :