چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب انسپکشن کی صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات، تعلیمی معیار بہتر بنانے بارے تبادلہ خیال

ہفتہ 2 اگست 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ساتھ تعلیم کے شعبے بارے میٹنگ کی ۔اس موقع پردونوں رہنمائوں نے ملک بھر میں تعلیم کے معیار اور رسائی کو بہتر بنانے کے مقصد سے جاری اور آنے والی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں نصاب کی جدید کاری، اساتذہ کی تربیت اور ڈیجیٹل لرننگ انٹیگریشن پر زور اورمعذور طلبہ کے لیے جامع تعلیم کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ کی بہتر خدمت کے لیے فنڈز میں اضافے، اساتذہ کی خصوصی تربیت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ضرورت پر اتفاق کیا،اسکولوں میں طلبہ کی حفاظت اور بہبود کو اولین ترجیح کے طور پر اجاگر کیا گیا۔