امریکی طیارہ ساز کمپنی ’’بوئنگ‘‘ کے دفاعی شعبہ کے ہزاروں کارکنوں کی ہڑتال شروع

پیر 4 اگست 2025 17:11

امریکی طیارہ ساز کمپنی ’’بوئنگ‘‘ کے دفاعی شعبہ کے ہزاروں کارکنوں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) امریکی طیارہ ساز کمپنی ’’بوئنگ‘‘ کے دفاعی شعبہ کے ہزاروں کارکنوں نے پیر کو نظرثانی شدہ کنٹریکٹ کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق امریکا کی ریاست میسوری اور الی نوائے میں بوئنگ کے دفاعی شعبے سے وابستہ ہزاروں مزدوروں نے پیر کی شب ایک نئے معاہدے کی نظرِثانی شدہ تجویز مسترد کیے جانے کے بعد ہڑتال شروع کر دی۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف مشینسٹس اینڈ ایرو اسپیس ورکرز (آئی اے ایم ) نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بوئنگ کے 3200 ماہر ورکرز کی جانب سے احتجاجی ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ اب بہت ہو چکا، یہ کھوکھلے وعدوں کا نہیں بلکہ احترام اور وقار کا معاملہ ہے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب یونین نے بیان میں بتایا کہ میسوری اور الینوائے میں بوئنگ کی تنصیبات پر کام کرنے والے ملازمین نے کمپنی کی چار سالہ نظرثانی شدہ معاہدے کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی اے ایم ڈسٹرکٹ 837 کے نمائندے ٹام بولنگ نے کہاکہ یونین کی مقامی شاخ کے اراکین نے واضح طور پر اپنی رائے دے دی ہے کہ وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو ان کی مہارت، وابستگی اور قومی دفاع میں ان کے اہم کردار کا بھرپور اعتراف کرے، بوئنگ کی ابتدائی پیشکش جس میں چار سال کے دوران 20 فیصد اجرت میں اضافہ اور زائد تعطیلات شامل تھیں، پہلے ہی مسترد کی جا چکی تھی۔

کمپنی کے مطابق نئی پیشکش میں اجرت میں اضافہ دوگنا کر دیا گیا تھا۔بوئنگ ایئر ڈومیننس کے نائب صدر اور سینئر سائٹ ایگزیکٹو (سینٹ لوئس، میسوری) ڈین گلین نے بیان میں کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے ملازمین نے اس پیشکش کو مسترد کیا، جس میں اجرت میں اوسطاً 40 فیصد اضافہ اور متبادل اوقات کار کے حوالے سے ان کا بنیادی مسئلہ حل کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم ہڑتال کے لیے تیار ہیں اور ہنگامی منصوبہ مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ غیر ہڑتالی عملہ اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے اور صارفین کو خدمات کی فراہمی جاری رکھے۔

واضح رہے کہ آئی اے ایم شمالی امریکا کی سب سے بڑی مزدور یونینز میں سے ایک ہے، جو ہوا بازی، دفاع، جہاز سازی، ٹرانسپورٹ، صحت، مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں تقریباً 6 لاکھ اراکین کی نمائندگی کرتی ہے۔