پسرور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایک ماہ میں 103 سی سیکشن 36 نارمل ڈیلیوری اور ہسپتال میں ٹوٹل 1900 مریض داخل ہوئے، راحت محمود ججہ

پیر 4 اگست 2025 17:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) پسرور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور میں گزشتہ ماہ میں مجموعی طور پر 1900 مریضوں کو داخل کیا گیا جنہیں مختلف بیماریوں اور طبی مسائل کے پیش نظر علاج و معالجہ فراہم کیا گیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر راحت محمود ججہ نے بتایا کہ گذشتہ ماہ کے دوران زچگی کے شعبے میں 103 خواتین کے سی سیکشن کیے گئے جبکہ 36 خواتین کی نارمل ڈیلیوری ہوئیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی لیبر روم، ایمرجنسی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سروسز روزانہ کی بنیاد پر درجنوں مریضوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ ہسپتال کا عملہ دن رات مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے اور سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں ماں اور بچے کی صحت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور نرسنگ سٹاف سمیت دیگر پیرا میڈیکل ٹیم بھی بھرپور انداز میں خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ہسپتال کی لیبارٹری، الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور دیگر تشخیصی سہولیات عوام کے لیے دستیاب ہیں ۔انہوں نے حکومت پنجاب ایم پی اے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد فیاض اور محکمہ صحت کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں روزانہ سینکڑوں مریض آؤٹ ڈور اور ایمرجنسی میں علاج کے لیے آتے ہیں اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ انہیں بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

عوام نے ہسپتال انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عملے کی کمی کو پورا کیا جائے اور یہاں آئی اسپیشلسٹ ، ای این ٹی اسپشلسٹ ، پتھالوجسٹ ، کارڈیالوجسٹ ، ڈرماٹالوجسٹ ، چائلڈ سپشلسٹ ، ڈینٹل سرجن ، نیفرالوجسٹ اور فارماسسٹ کی سیٹیں بھی خالی ہیں ۔ان سیٹوں پر بھی ڈاکٹرز کو تعینات کیا جائے تاکہ علاج معالجہ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔پسرور کے شہریوں نے ہسپتال کی بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ایم ایس ڈاکٹر راحت محمود ججہ کی سربراہی کو مثبت قرار دیا ہے۔