محکمہ زراعت کی پندھرواڑے کے دوران دھان کی فصل کے لیے بہتر پیداوارکیلئے سفارشات جاری

پیر 4 اگست 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق دھان کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے اگر کسی وجہ سے فصل میں نائٹروجنی کھاد کا استعمال مکمل نہیں ہو سکا تو جلد از جلد اسے مکمل کر لیں، پچھیتی کاشتہ فصل میں کھاد کا استعمال فصل کی صورتحال کے مطابق کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ دھان کے کاشتکار فصل پر نقصان دہ کیڑوں کے متوقع حملہ کے پیش نظر فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور پیسٹ سکاٹنگ کریں۔

پتہ لپیٹ سنڈی کے حملہ کی صورت میں نقصان کی معاشی حد یعنی 2 عدد لپٹے ہوئے پتے فی پودا ہو جائے تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کی سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔ تنے کی سنڈیوں کے حملہ کی صورت میں نقصان کی معاشی حد یعنی سوک کی شرح 5 فیصد ہو جائے تو سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

سفید پشتی بھورے تیلے کے حملہ کی صورت میں اگر نقصان کی معاشی حد یعنی15 تا 20 فی پودا ہو جائے تو سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔

اس کے علاوہ ٹوکے کے حملہ کی صورت میں اگر نقصان کی معاشی حد 5 عدد فی نیٹ ہو جائے تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی ماہرین کے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔ دھان کے کاشتکار کھیت کے اندر اور اطراف میں وٹوں اور کھالوں پر جڑی بوٹیاں تلف کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ دھان ایک غذائی فصل ہے۔دھان کے کاشتکار فصل پر کسی بھی زہر کے سپرے سے قبل محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے وقفہ قبل از برداشت ضرور نوٹ کر لیں۔یاد رکھیں، دھان کی فصل پر اندھا دھند زہروں کے سپرے کی وجہ سے مارکیٹ میں درآمدی ویلیو میں کمی واقع ہوتی ہے۔