سندھ حکومت نوجوان نسل کو فن و ثقافت کے ذریعےحب الوطنی کا پیغام دینا چاہتی ہے، ذوالفقار علی شاہ

پیر 4 اگست 2025 23:00

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے حوالے سے 10 اگست کو سکھر میں ہونے والے گرینڈ میوزک پروگرام کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، چیئرمین ضلعی کونسل سید کمیل حیدر شاہ، ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی اظہر مغل سمیت دیگر اہم سول و سکیورٹی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی آرٹس کونسل کے صدر سید احمد شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ یہ پروگرام صرف تفریح کا موقع نہیں بلکہ قومی اتحاد، یکجہتی اور ثقافتی شناخت کا مظہر ہوگا۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان نسل کو فن و ثقافت کے ذریعے حب الوطنی کا عملی پیغام دیا جائے۔

گرینڈ میوزک پروگرام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سندھ کابینہ کے اراکین، سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران سمیت معزز مہمان شرکت کریں گے جبکہ ملک کے مشہور فنکار اور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے جس کے لیے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اجلاس کے بعد صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یکم اگست سے 14 اگست تک معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں ، سکھر میں 10 اگست کو ہونے والا گرینڈ میوزک پروگرام بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا۔

معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سندھ حکومت تین میگا ایونٹس منعقد کر رہی ہ جو کہ 8 اگست کو رانی باغ حیدرآباد،10 اگست کو بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر اور13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونگے۔خوبصورتی سے سجائے گئے گھروں، گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر وزیراعلیٰ کی جانب سے انعام بھی دیا جائے گا۔ سکھر کے میگا ایونٹ میں علی ظفر، صنم ماروی، نوجوان فنکاروں سمیت دیگر ملک گیر شہرت یافتہ فنکار اپنے فن کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ہم سب کا پروگرام ہے، آئیے مل کر اسے کامیاب بنائیں۔