لیسکو چیف کی میو اسپتال میں فائرنگ سے زخمی سیکیورٹی اہلکار کی عیادت

منگل 5 اگست 2025 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انجینئر محمد رمضان بٹ نے منگل کو میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور لیسکو سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سارجنٹ رِیاض حسین کی عیادت کی،جو چند روز قبل ایک افسوسناک واقعہ میں فائرنگ کے دوران زخمی ہوگیا تھا۔ریاض حسین لیسکو ہیڈ کوارٹر سے اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک تین نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے قلعہ ستار شاہ کے قریب ان پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں انہیں دو گولیاں لگیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر محمد رمضا ن بٹ نے میوہسپتال میں سیکورٹی سارجنٹ ریاض حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ سارجنٹ ریاض کے علاج میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے۔اس موقع پر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔

ریاض حسین جیسے بہادر ملازمین ہمارے ادارے کا فخر ہیں۔ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی مکمل معاونت کریں گے۔لیسکو اپنے محنتی ملازمین کی حفاظت کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتی ہے۔ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔لیسکو چیف نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور لیسکو ان کے حوصلے اور وفاداری کو سلام پیش کرتی ہے۔