گلگت بلتستان کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے محکمہ ایکسائزاور اے این ایف کا مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

بدھ 6 اگست 2025 16:32

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول گلگت بلتستان اور انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی رابطہ اجلاس گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بریگیڈیئر حسن (ریجنل ڈائریکٹر نارتھ، اے این ایف) اور رحمان شاہ (سیکرٹری، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول گلگت بلتستان) شریک ہوئے۔

اجلاس کا مقصد منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے استعمال کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ دونوں اداروں نے گلگت بلتستان کو منشیات سے پاک خطہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اے این ایف اور محکمہ ایکسائز کا عملہ اہم شاہراہوں پر منشیات کی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے مشترکہ اسنیپ چیکنگ اور روڈ پیٹرولنگ کرے گا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مہمات شروع کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو اس ناسور سے دور رکھا جا سکے۔اس کے ساتھ ساتھ، مقامی کمیونٹی کو انسدادِ منشیات اقدامات میں شامل کرنے کے لیے سیمینارز، ورکشاپس اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں شعور اور ذمے داری کا احساس بیدار ہو۔

اس مقصد کے لیے محکمہ ایکسائز کے عملے کو اے این ایف اکیڈمی میں خصوصی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان نے انسدادِ منشیات فورس کے مؤثر تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف اس مشترکہ جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان کو ایک محفوظ اور منشیات سے پاک خطہ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :