ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کی ترغیب

بدھ 6 اگست 2025 16:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتیوں و کسانوں کو ہدائت کی ہے کہ وہ زیادہ گوشت اور اچھی اون کیلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدائت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑوں بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائیں جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرزمذکورہ ہیلپ لائن 0800-78685 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :