چیئرمین بی او جی کا ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ،موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

بدھ 6 اگست 2025 17:33

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا اچانک دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ممبر بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب منان ادارہ کے اعلیٰ افسران اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔ دورہ کے دوران چیئرمین بی او جی نے ایمرجنسی میں موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے آغاز میں ایک ریسپشن ایریا قائم کیا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو رہنمائی اور علاج میں آسانی ہو، اس کے ساتھ ساتھ سلپ کاونٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ مریضوں کو طویل قطاروں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے ایمرجنسی وارڈ میں موجود اسپیس کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید جگہ کیلئے منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ جلد ایمرجنسی وارڈ میں نئی مختلف مشینز نصب کر دی جائیں گی تاکہ مریضوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کیلئے ایک مکمل اور جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت انفراسٹرکچر، سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا، عوام کو جلد ان اقدامات کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے ہسپتال انتظامیہ کے جذبہ کو سراہا اور کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :