کمشنر راولپنڈی کا رنگ روڈ منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر تشویش کا اظہار، کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 6 اگست 2025 17:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) کمشنر راولپنڈی و پراجیکٹ ڈائریکٹر نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے منصوبے کی مجموعی پیشرفت پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے کام کی رفتار کو بڑھایا جائے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے موسمی حالات کے پیش نظر پہلے سے منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران کام کی حکمت عکملی اس طرح بنائی جائے کہ بارشوں کی وجہ سے کام کی رفتار متاثر نہ ہونے پائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹھلیاں انٹرچینج میں اراضی کے حصول کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔ نیز چیئرمین این ایچ اے سے این او سی کے فوری اجرا اور نظرثانی شدہ ڈیزائن کی منظوری کے لیے اجلاس منعقدکیا جائے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ڈائریکٹر راولپنڈی رنگ روڈ نے ہدایت کی کہ چکری انٹرچینج پر پل کی تعمیر کا آغاز کیا جائے۔ سلوپ کٹنگ اور فارمیشن ورک مکمل اور جن مقامات پر سب بیس ورک کا آغاز نہیں ہوا وہاں فوری آغاز کیا جائے۔

ریلوے برج اور بانٹھ انٹرچینج پر پیش رفت بڑھائی جائے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی اوورآل پراگریس 70 فیصد ہے۔ ٹھلیاں تا بانٹھ انٹرچینج پر نالوں، دریاؤں اور سب وے پر بیک فلنگ کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ پلوں کی سپر اسٹرکچر (ڈیک لانچنگ) کا کام بھی دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ منصوبے پر ایکٹویٹی اور کمپوننٹ وائز یومیہ پیشرفت کی رپورٹ تیار کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو چار حصوں ٹھلیاں تا چکری، چکری تا خصالہ، خصالہ تا چک بیلی اور چک بیلی تا با نٹھ میں تقسیم کر کے نگرانی کی جائے۔ ہر سیکشن کے لیے باقی سرگرمیوں کا تفصیلی شیڈول تیار کیا جائے۔اس کے علاوہ تعمیر ڈھانچوں کے لیے خراب راستوں کی فوری مرمت کی جائے۔ باڑ لگانے اور متعلقہ تعمیراتی کام کا فوری آغاز کیا جائے ۔ایف ڈبلیو او ذیلی ٹھیکیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے اور غیر مؤثر ٹھیکیداروں کو تبدیل کرے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ میں معیار اور مقررہ وقت پر تکمیل کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :