کاشتکار مکئی کی اگیتی اقسام کی کاشت اگست کے مہینے میں مکمل کرلیں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال

جمعرات 7 اگست 2025 18:34

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ کاشتکار مکئی کی اگیتی اقسام کی کاشت اگست کے مہینے میں مکمل کرلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعرات کو مکئی کے کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مکئی کی کاشت کیلئے بھاری میرا ذرخیز زمین کا انتخاب کریں، محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام صدف، ساہیوال2002، اگیتی 2002، ہائبرڈ ایف ایچ 810 وغیرہ کی بروقت کاشت مکمل کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مکئی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ڈرل کاشت کی صورت میں 12سے 15کلو گرام فی ایکڑ، کھیلیوں پر کاشت کی صورت میں 8سے 10کلو گرام اور چارہ کیلئے 40سے 50کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مکئی کی بہترین کاشت کیلئے 10سے15گڈ ے یا 4سے5ٹرالی گوبر کی گلی سڑی کھادفی ایکڑ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں میں فاسفورس ،پوٹاش اور نائٹروجن کا پانچوا ں حصہ بوائی کے وقت ڈالیں جبکہ بارانی علاقوں میں ساری کھاد بوائی کے وقت ڈال دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مکئی کی اچھی اور زیادہ پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مکئی کی کاشت سنگل رو کاٹن ڈرل سے سوادوسے اڑھائی فٹ کے فاصلے پر کی جاسکتی ہے تاہم موسمی مکئی کیلئے پودوں کی تعداد 28سے 30ہزار فی ایکڑ اور کاشت ہمیشہ قطاروں میں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کیا کریں۔

متعلقہ عنوان :