دھان کے کاشتکار دھان کے تنے کی سنڈی سے بچائو کیلئے بروقت اقدامات کریں، صباء تحسین

جمعہ 8 اگست 2025 13:52

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول سمبڑیال صباء تحسین نے کہا کہ دھان کے کاشتکار دھان کے تنے کی سنڈی سے بچائو کیلئے بروقت اقدامات کریں، ابتدائی مرحلہ میں تدارک نہ کرنے پرزیادہ حملہ ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمعہ کو دھان کے کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور کیڑوں میں سب سے زیادہ نقصان دہ کیڑے تنے کی سنڈی، پتہ لپیٹ سنڈی، ٹوکا اور سفید پشت والا تیلہ ہیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ تنے کی سنڈی زیادہ تر سپر باسمتی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے ، پتہ لپیٹ سنڈی اور پشت والا تیلہ اری اور باسمتی دونوں اقسام پر حملہ آور ہوتا ہے، اسی طرح ٹوکا دھان کی پنیری اور فصل دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیڑوں کے تدارک کیلئے ان کیڑوں کو دستی جالوں سے پکڑ کر تلف کردیں، کاشتکار پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں کو تلف کریں اور رات کو روشنی کے پھندے لگائیں کیونکہ روشنی کے پھندے ان کیڑوں کے پروانوں کو تلف کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ان کیڑوں کا حملہ زیادہ ہو تو کیمیائی انسداد کیلئے زرعی توسیعی کارکن کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :