آن لائن خریداری پر نئے سیلز ٹیکس کے نفاذ کا قانون نافذ کر دیا گیا

ڈیجیٹل آرڈرز پر مارکیٹ پلیس، کوریئر، پیمنٹ ایجنٹس سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے، کیش آن ڈلیوری پر بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 اگست 2025 19:35

آن لائن خریداری پر نئے سیلز ٹیکس کے نفاذ کا قانون نافذ کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست2025ء) آن لائن خریداری پر نئے سیلز ٹیکس کے نفاذ کا قانون نافذ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے آن لائن آرڈرز پر نئے سیلز ٹیکس قانون کا نفاذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیجیٹل آرڈرز پر مارکیٹ پلیس، کوریئر، پیمنٹ ایجنٹس سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے، کیش آن ڈلیوری پر بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر ماہ 10 تاریخ تک ایس ٹی آر فارم جمع کروانا ہوگا، کوریئرز اور پیمنٹ ایجنٹس بھی ایس ٹی آر فارم ایف بی آر کو جمع کرائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن مارکیٹ پلیس کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپورٹ دینا ہوگی، کوریئر سروس فراہم کرنے والی مارکیٹ پلیس کو ایس ٹی آر 36 بھی دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے مطابق وینڈرز کو سیلز ٹیکس کٹوتی کا سرٹیفکیٹ تفصیلات سمیت دینا ہوگا، سرٹیفکیٹ میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل لازمی ہوگی۔

دوسری جانب ایف بی آر نے نان فائلرز کیلئے بینکوں سے رقم نکالنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔ نان فائلرز کیلئے رواں سال کے دوران عائد پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں نان فائلرز کے لیے بینک سے رقوم نکلوانے پر عائد ٹیکس میں اضافے کا اطلاق کردیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل نہ ہونے والے افراد پر بینک سے رقوم نکلوانے پر ٹیکس کٹوتی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یومیہ 50 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر 0.8 فیصد ٹیکس لاگو ہے جبکہ اس سے پہلے یومیہ 50 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر0.6 فیصد ٹیکس عائد تھا۔ بتایا گیا کہ ہر بینکنگ کمپنی نان فائلر سے ایڈوانس ایڈجسٹیبل ٹیکس منہا کرنے کی مجاز ہوگی، اسی طرح غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کردی گئی۔ پراپرٹی کے خریدار کو ریلیف دینے کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کردی گئی ہے، پراپرٹی کے فروخت کنندہ یا منتقل کرنے والے کے لیے ہر سلیب میں 1.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد فروخت کنندہ کو جائیداد کی فروخت پر حاصل کیپٹل گین کی ایڈجسٹمنٹ ہے۔