چشتیاں،سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی ، 32 لاکھ سے زائد نقصان، مقدمہ درج

ہفتہ 9 اگست 2025 13:42

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) محکمہ جنگلات بہاولنگر نے سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور چوری کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ڈاہرانوالہ میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اس غیر قانونی اقدام سے قومی خزانے کو 32 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔فاریسٹ گارڈ محمد عدنان صفدر، انچارج ڈاہرانوالہ کینال بیٹ، کی جانب سے درج کرائی گئی رپورٹ کے مطابق مورخہ 7 اگست 2025 کی شب اطلاع ملی کہ چک نمبر 171 مراد کے قریب سرکاری درختوں کی ناجائز کٹائی کی جا رہی ہے۔

اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورت حال کا مشاہدہ کیا۔ معلوم ہوا کہ ملزم حفیظ ولد ارشاد اور اس کے دیگر ساتھی یاسین ، محمود، وسیم، مدثر، مظہر اور تین نامعلوم افراد نے سرکاری اراضی پر رہائشی کالونی بنانے کی غرض سے 15 عدد قیمتی درخت (کیکر) چوری کاٹ دیے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق کٹے گئے درختوں کی مالیاتی مالیت تقریباً 8 لاکھ 80 ہزار روپے ہے، جبکہ محکمانہ قوانین کے مطابق "ریپلیشمنٹ کاسٹ" کی مد میں 32 لاکھ 16 ہزار 865 روپے کی رقم واجب الادا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملزمان کی جانب سے قبل ازیں درختوں کی کٹائی کے لیے ایک درخواست دی گئی تھی، جسے محکمے نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے باوجود، ملزمان نے رات کی تاریکی میں غیر قانونی اقدام اٹھایا جس پر محکمہ جنگلات نے بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کروایا۔\378