محکمہ زراعت کی گوبھی کی پنیری کو سفید مکھی اور لشکری سنڈی سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

ہفتہ 9 اگست 2025 15:42

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گوبھی کی پنیری کو سفید مکھی اور لشکری سنڈی سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موسم گرما میں نمی اور حبس کی کیفیت کے باعث گوبھی کی پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا کاشتکار بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

ہفتہ کو ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ پنیری کے اگاؤ کے مکمل ہونے کے بعد پودوں کی مناسب چھدرائی کریں، بیمار اور کمزور پودے فوری طور پر نکال دیں اور صحت مند پودوں کی مناسب تعداد برقرار رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کیڑوں کی موجودگی کی روزانہ بنیاد پر نگرانی کریں اور اگر حملہ ظاہر ہو تو نئی کیمسٹری پر مبنی زرعی زہروں کا استعمال کریں تاکہ مؤثر کنٹرول حاصل کیا جا سکے۔ڈاکٹر مقصود احمد نے یہ بھی مشورہ دیا کہ پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے قبل اچھی طرح پانی دیا جائے تاکہ پودوں کی جڑیں نرم ہو جائیں اور اکھاڑتے وقت ان کے ٹوٹنے کا امکان کم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر پنیری کی نشوونما کمزور ہو تو فی مرلہ ایک پاؤ یوریا کھاد استعمال کی جائے تاکہ پودے صحت مند رہیں اور بہتر افزائش ممکن ہو۔انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مسئلے یا مزید رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کے قریبی فیلڈ اسٹاف سے رابطہ کریں تاکہ بروقت معاونت حاصل کی جا سکے۔