واسا حکام کی مؤثر ریکوری مہم،ماہ جولائی میں 21 کروڑ 4 لاکھ روپے وصول

ہفتہ 9 اگست 2025 15:52

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) واسا ملتان کی جانب سے ریکوری مہم کے دوران گذشتہ ماہ 21 کروڑ 4 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔ ہفتہ کو ادارے کے مطابق مالی حالات کو مستحکم بنانے اور ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے گزشتہ ماہ 21 کروڑ 4 لاکھ روپے کی ریکوری مکمل کی گئی جو کہ مقررہ اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔

اس حوالہ سے ڈائریکٹر ریکوری واسا عبدالسلام نے کہا کہ ادارے کی مالی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کی جانے والی کلوزنگ کے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں جبکہ ماہ اگست کے لیے 23 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہدف محض ابتدا ہے اور آئندہ مہینوں میں اسے مرحلہ وار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ ادارے کی آمدنی میں مستقل اضافہ ممکن ہو ۔

(جاری ہے)

عبدالسلام نے کہا کہ واسا کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے واجب الادا بل بروقت جمع کرائیں تاکہ ادارے کو اپنے آپریشنز کے لیے درکار فنڈز میسر رہیں ۔ ان کے مطابق شہر میں بڑی تعداد میں ایسے صارفین موجود ہیں جن کے بل تاحال ادا نہیں ہوئے جو کہ واسا کی مالی سرگرمیوں میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکوری مہم کا مقصد صرف مالی وصولی نہیں بلکہ عوام کو بہتر اور بلا تعطل پانی و نکاسی کی سہولیات فراہم کرنا بھی ہے ، شہریوں کے بروقت تعاون سے نہ صرف واسا کے مالی استحکام میں اضافہ ہوگا بلکہ خدمات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

متعلقہ عنوان :