شوکت خانم ہسپتال کی اہم کامیابی، پہلی بار 6 سالہ بچے کا کامیاب ’اویک برین ٹیومر‘ آپریشن

یہ میڈیکل لٹریچر میں اب تک درج ہونے والا سب سے کم عمر کیس ہے، مردان سے تعلق رکھنے والا بچہ دو سال کی عمر سے دوروں کا شکار تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 اگست 2025 13:05

شوکت خانم ہسپتال کی اہم کامیابی، پہلی بار 6 سالہ بچے کا کامیاب ’اویک ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2025ء ) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر نے بچوں کے نیوروسرجری کے شعبے میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چھ سالہ بچے کی ''اویک برین ٹیومر سرجری'' کامیابی سے مکمل کی ہے جو کہ میڈیکل لٹریچر میں اب تک درج ہونے والا سب سے کم عمر کیس ہے۔ تفصیلات کے مطابق ''اویک برین سرجری'' یعنی دماغ کی ایسی سرجری جس میں مریض مکمل طور پر جاگ رہا ہو، عام طور پر بالغ مریضوں میں اُس وقت کی جاتی ہے جب دماغ کے اُن حصوں میں ٹیومر ہو جو حرکت یا زبان کے کنٹرول سے متعلق ہوتے ہیں، بچوں میں یہ طریقہ کار نایاب ہے کیوں کہ اس میں تکنیکی پیچیدگی اور کم عمر مریض کو آپریشن کے دوران ہوش میں رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مردان سے تعلق رکھنے والا یہ بچہ دو سال کی عمر سے دوروں کا شکار تھا، دماغ کے جس حصے میں ٹیومر تھا وہ بائیں جانب جسم کی حرکت کو کنٹرول کرتا ہے اس لیے روایتی طریقے سے آپریشن کرنے پر مستقل فالج کا خدشہ تھا، نیوروسرجن ڈاکٹر فوزان عالم ہاشمی اور اینستھیزیا ماہر ڈاکٹر اسماء اکرم نے اس پیچیدہ آپریشن کی قیادت کی، ڈاکٹر فوزان کا کہنا تھا کہ والدین کی رضامندی کے بعد ہم نے یہ طریقہ منتخب کیا جس میں بچہ آپریشن کے دوران ہوش میں رہا، اپنے ہاتھ پاؤں ہلاتا رہا اور بات چیت کرتا رہا جس سے دوران آپریشن ہی اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ دماغ کے نازک حصے محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اس آپریشن مین جدید نیویگیشن سسٹمز اور مائیکروسکوپس کی مدد لی گئی، آپریشن کے بعد ماہرِ نفسیات نے بچے کا مکمل معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ نہ تو کوئی نئی معذوری پیدا ہوئی اور نہ ہی بچہ کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہے، یہ کامیاب اور منفرد آپریشن شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے عالمی معیارکے کینسر کے علاج کو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے عزم اور عالمی طبی تحقیق میں نمایاں خدمات سر انجام دینے کے جذبے کو واضح کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :