صدر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

پیپلزپارٹی بلیک میلنگ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، صدر کا پنجاب حکومت کے رویہ پر اظہارافسوس، شہبازشریف کی پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 15 اکتوبر 2025 23:16

صدر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15 اکتوبر 2025ء ) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران ملکی ، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑبھی شریک تھے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور نیر بخاری بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے صدر کو حالیہ غیرملکی دوروں اور غزہ میں امن کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اہم قومی ترجیحات اور مجموعی پالیسیوں کی سمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لے لی ہے، جس کے باعث پیپلزپارٹی پنجاب حکومت کے اقدام پر انتہاتی برہم ہے۔ مزید برآں اے آروائی نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کے احوال کے مطابق صدر مملکت نے پنجاب حکومت کے رویہ پر افسوس کا اظہار کیا اور پارٹی تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے صدر کو پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ صدرآصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی برداشت، رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی سیاست میں گالم گلوچ، تکرار کی قائل نہیں۔ پیپلزپارٹی بلیک میلنگ کی سیاست پر بھی یقین نہیں رکھتی۔ پیپلزپارٹی دوسروں کو عزت دے کر عزت لینے کی قائل ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران لیگی قیادت کو نوٹس لے کر مداخلت کرنی چاہیے تھی۔