Live Updates

افغان عبوری حکومت کی جانب سے سیز فائر کیلئے قطر اور سعودی عرب کے ذریعے اپیل کیے جانے کا انکشاف

سیز فائر کرانے میں سعودی عرب اور قطر نے کلیدی کردار ادا کیا، دونوں ممالک نے پاک افغان تناو کم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 اکتوبر 2025 00:15

افغان عبوری حکومت کی جانب سے سیز فائر کیلئے قطر اور سعودی عرب کے ذریعے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء) افغان عبوری حکومت کی جانب سے سیز فائر کیلئے قطر اور سعودی عرب کے ذریعے اپیل کیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سیز فائر طالبان کی درخواست پر عمل میں آیا، افغان طالبان نے جنگ بندی کی اپیل قطر اور سعودی عرب کے ذریعے بھی کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سیز فائر کرانے میں سعودی عرب اور قطر نے بھی کلیدی کردار ادا کیا، دونوں ممالک نے پاک افغان تناو کم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے قابض افغان طالبان کی درخواست پر48گھنٹوں کیلئے سیز فائر کردیا ہے، اس وقت کے دوران مسئلے کا تعمیری حل تلاش کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق پاکستان اور قابض افغان طالبان کے درمیان سیز فائر ہوگیا، پاکستان نے قابض طالبان کی 48گھنٹے کیلئے عارضی جنگ بندی کی درخواست منظور کرلی۔

(جاری ہے)

افغان طالبان رجیم کی درخواست پر شام 6بجے سے 48گھنٹے کیلئے عارضی جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور قابض افغان طالبان کے درمیان عارضی جنگ بندی 17اکتوبر کی شام 6بجے تک برقرار رہے گی۔ 48 گھنٹوں میں فریقین تعمیری گفتگو کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں گے، گفتگو سے پیچیدہ مگر مسئلے کا مثبت راستہ تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش ہوگی۔

دوسری جانب پاک فوج نے کابل اور قندھار میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانے تباہ کردیئے، پاک فوج نے دشمن کے حملوں پر جوابی کاروائیوں میں درجنوں خوارج ہلاک کردیئے۔ میڈیا کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے قابض افغان طالبان کی بٹالین ہیڈکوارٹرز 4 اور 8 اور بارڈربریگیڈ5 کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران پاک فوج نے آبادی سے دور اہداف کو نشانہ بنا کر پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا ۔

کابل میں فتنہ الخوارج کا مرکز اور قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔پاک فوج کی ملک دشمنوں کیخلاف تابڑ توڑ جوابی کاروائیاں کامیابی کے ساتھ جاری ہیں، کرم ، ژوب، چمن سیکٹر میں خوارج اور طالبان کے حملے ناکام بنائے گئے۔ نوشکی سیکٹر کی غزنالی پوسٹ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔ پاک فوج کی مئوثر جوابی کاروائی سے افغان طالبان پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔

پاک فوج نے جوابی کاروائیوں میں درجنوں خوارج ہلاک کردیئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور خوارج کا پاکستان کی چوکی اور ہتھیار قبضے میں لینے کا دعویٰ جھوٹا ہے، سوشل میڈیا پر پاک فوج کے ہتھیار قبضے میں لینے کی ویڈیو من گھڑت ہے۔پاک افغان دوستی گیٹ تباہ کرنے کا افغان طالبان کا پروپیگنڈا بھی بے نقاب کردیا گیا، پاکستان کی جانب پاک افغان دوستی گیٹ بالکل ٹھیک حالت میں ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات