سردیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ

ایل این جی مزید مہنگی کر دی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 20:50

سردیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء) سردیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، ایل این جی مزید مہنگی کر دی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق گیس کمپنیوں کی اکتوبر 2025ء کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کیا ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2025ء سے ہوگا۔

بدھ کو اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (ستمبر2025ء)کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.81فیصد یا 0.2173ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل)کے صارفین کے لیے قیمتوں میں ستمبر 2025ء کے مقابلے میں0.2198 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا2فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ میں درآمدی قیمتوں (ڈیلیوری ایکس شپ ) کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.2300ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 11.2304 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔