لاہور جنرل ہسپتال پنجاب کے چار بہترین ٹیچنگ ہسپتالوں میں شامل

اتوار 10 اگست 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) لاہور جنرل ہسپتال نے ایک اور نمایاں سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پنجاب کے تدریسی ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کرنے میں سرفہرست رہا۔ ایک حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق ایل جی ایچ کو پنجاب کے چار بہترین ٹیچنگ ہسپتالوں میں شامل کیا گیا، جبکہ تمام تدریسی اداروں میں سب سینمایاں پوزیشن لاہور جنرل ہسپتال نے حاصل کی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کے مطابق یہ آزادانہ جائزہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی مشترکہ ٹیموں نے کیا۔ اس دوران انفیکشن کنٹرول کے تمام پہلوئوں کو بین الاقوامی اور قومی معیارات کے مطابق جانچا گیا۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ یہ کامیابی ہیلتھ کئیر پروفیشنلز کی انتھک پیشہ وارانہ محنت، موثر نگرانی، اور مریضوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا ثمر ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال ملازمین انفیکشن کنٹرول کے ہر پہلو میں بہترین نتائج کے لیے کوشاں ہیں۔یہ کارنامہ جنرل ہسپتال کے لیے نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ عوامی اعتماد کا مظہر بھی ہے، جس کے نتیجے میں مریضوں کو محفوظ، صاف اور معیاری علاج فراہم کرنے کے ہدف میں مزید بہتری آئے گی۔