محکمہ لائیو سٹاک پسرور کی مون سون کے دوران جانوروں کو گل گوٹو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسی نیشن مہم شروع

پیر 11 اگست 2025 17:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈویلپمنٹ پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران جانوروں کو گل گوٹو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے تحصیل بھر میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’گل گوٹو مکاؤ مہم‘‘کے تحت تربیت یافتہ ویٹرنری ٹیمیں گھر گھر جا کر مویشیوں کو ڈیپ انٹرا مسکولر (گہرے پٹھے میں) ویکسین لگا ر ہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کا یہ عمل لمبی سوئی کے ذریعے لگایا جاتا ہے تاکہ انجکشن براہِ راست پٹھے میں پہنچ کر زیادہ مؤثر تحفظ فراہم کرے اور انجکشن لگنے کی جگہ پر سوزش بھی نہ ہو۔انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ جانوروں کو مضبوطی سے باندھ کر ویکسین لگوانے میں ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے،یہ مہم اگست اور ستمبر میں جاری رہے گی۔ محکمہ لائیوسٹاک نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے جانوروں کو گل گوٹو جیسی مہلک بیماری سے بچانے کے لئے ویکسین ضرور لگوائیں۔

متعلقہ عنوان :