ازبکستان اور سوئٹزرلینڈ کا فضلے سے اعلیٰ معیار کی معدنی کھاد تیار کرنے کے منصوبہ کا آغاز

منگل 12 اگست 2025 15:41

تاشقند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ازبکستان اور سوئٹزرلینڈ فضلے سے اعلیٰ معیار کی معدنی کھاد تیار کریں گے۔یوزا کے مطابق ازبکستان میں ماحولیاتی پائیداری اور سبز معیشت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جن میں نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر اقتصادی ترقی میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ازبکستان کی ایسوسی ایشن آف لیدر اینڈ فُٹ ویئر پروڈیوسرز نے سوئس کمپنی ’’سوئس گرو‘‘ کے تعاون سے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کیا ہے، مذاکرات کے دوران فریقین نے منصوبے پر عمل درآمد اور ابتدائی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، اس منصوبے کے تحت چمڑے کی مصنوعات کی پروسیسنگ سے پیدا ہونے والے فضلے سے زرعی شعبے کے لیے اعلیٰ معیار کی معدنی کھاد تیار کی جائے گی، ماضی میں اس قسم کا فضلہ زیادہ تر بغیر کسی معاشی فائدے کے ضائع کر دیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے پریس سروس کے سربراہ عزیز کتایوف کے مطابق سوئس گرو کی پیش کردہ ٹیکنالوجی اس فضلے کو قیمتی وسائل میں تبدیل کرے گی جس سے ماحولیاتی تحفظ کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو مقامی اور ماحول دوست کھاد بھی فراہم ہو گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف اقتصادی فائدہ پہنچائے گا بلکہ عالمی سطح پر ازبکستان کی ساکھ میں بھی اضافہ کرے گا۔ چمڑے کی صنعت کے فضلے کو قیمتی کھاد میں تبدیل کرنا وسائل کے مؤثر استعمال اور پائیدار مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔