علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 68 واں اور ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمیٹی/اکیڈمک پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا 52 واں مشترکہ اجلاس، نئے تعلیمی پروگرامز کی منظوری

بدھ 13 اگست 2025 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 68 واں اور ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمیٹی/اکیڈمک پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا 52 واں مشترکہ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کی نظامت رجسٹرار راجہ عمر یونس نے کی۔ اجلاس میں فیکلٹی ڈینز، شعبہ جاتی سربراہان، پرنسپل افسران اور ممتاز بیرونی ماہرین تعلیم شریک ہوئے۔

اجلاس میں بی ایس، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت متعدد نئے تعلیمی پروگرامز، کورسز اور سکیم آف سٹڈیز کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اکیڈمک کونسل یونیورسٹی کا نہایت اہم اور ذمہ دار فورم ہے اس لیے نئے پروگرامز کی تیاری اور منظوری میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے قانونی و پالیسی فریم ورک کو مدنظر رکھا جائے اور کوئی بھی معیار سے کم پروگرام کونسل کے سامنے پیش نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن ڈاکٹر زاہد مجید نے میٹرک (سائنس گروپ) اور ایف ایس سی (پری میڈیکل، پری انجینئرنگ) پروگرامز پیش کیے جن کی کونسل نے منظوری دے دی۔ طے پایا کہ پہلے مرحلے میں صرف میٹرک سائنس گروپ بہار 2026ء کے سمسٹر سے شروع کیا جائے گا جبکہ ایف ایس سی پروگرامز بعد میں لانچ کیے جائیں گے۔اجلاس میں چاروں فیکلٹیوں کے ڈینز اور شعبہ جاتی سربراہان نے نئے پروگرامز اور موجودہ کورسز پر نظرثانی سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔

امتحانی نظام میں جدید اصلاحات کے حوالے سے کنٹرولر امتحانات نے بریفنگ دی جبکہ داخلہ نظام میں مزید بہتری کے بارے میں ڈائریکٹر شعبہ داخلہ اور ریجنل سروسز کو مستحکم بنانے پر ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز نے اپنی تجاویز پیش کیں۔تفصیلی غور و خوض کے بعد کونسل نے تمام مجوزہ پروگرامز کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلے باضابطہ توثیق کے لیے ایگزیکٹو کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔