’’وزیر اعلی پنجاب زیادہ گندم اگاو ‘‘ مہم،گندم کے پیداواری مقابلہ جات میں کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ’’وزیر اعلی پنجاب زیادہ گندم اگائو‘‘ مہم کے تحت منعقدہ گندم کے پیداواری مقابلہ جات میں صوبائی اور ڈویژنل سطح پر کامیاب کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے کی درخواستوں کے پورٹل کا باضابطہ آغاز بھی کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی مہمانِ خصوصی تھے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بھی شرکت کی۔ صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن ضلع جھنگ کے کاشتکار مظفر محمود نے 69.96من فی ایکڑ گندم پیدا کر کے حاصل کی اور 85ہارس پاور ٹریکٹر انعام میں حاصل کیا۔

(جاری ہے)

ضلع قصور کے محمد افضل نے 69.87من فی ایکڑ پیداوار پر 75ہارس پاور ٹریکٹر جیتا جبکہ ڈیرہ غازی خان کے شاہد عباس خان نے 69.72من فی ایکڑ پیداوار پر 60ہارس پاور ٹریکٹر حاصل کیا۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں اور کاغذات اپنے ہاتھوں سے پیش کیے۔تقریب میں لاہور ڈویژن میں گندم کے انعامی مقابلہ میں اول، دوئم اور سوئم آنے والے کاشتکاروں میں بالترتیب10لاکھ،8لاکھ اور 5 لاکھ کے چیک بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ''وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات میں کاشتکاروں کی خدمت اور خوشحالی سر فہرست ہے۔

وزیر اعلی کے ویژن کے تحت کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ پیداوار میں اضافہ اور لاگت میں کمی ممکن ہو سکے''۔ انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 75سے 125ہارس پاور تک کے 10 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جائیں گے جن پر فی ٹریکٹر 10لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایگریکلچر ٹرانسفارمنگ پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کی سکیم، ایگری مالز کا قیام، گندم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کسان کارڈ پر 75ارب روپے کی فراہمی اور 12.5ایکڑ یا اس سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں میں ایک ہزار ٹریکٹرز کی مفت تقسیم جیسے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعلی پنجاب اگلی گندم کی کاشت سے قبل کسانوں کی معاونت کے لیے 100ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر کہا کہ حکومت صوبے میں فارم میکنا ئزیشن کے فروغ، فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کے لیے کئی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ اقدامات کاشتکاروں کی آمدنی بڑھانے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر زراعت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے، جن میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں اور دیگر افسران شامل تھے۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پلاننگ عامر شہزاد کنگ، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،گندم کے کاشتکاروں اور ٹریکٹر انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :