شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران

جمعرات 14 اگست 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) لاہور پولیس نے یومِ آزادی، عرس و چہلم کی مناسبت سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی زیر صدارت پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنزتصوراقبال، ایس پی سیکورٹی عبدالوہاب، ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس پی ڈولفن سکواڈ، ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین، عرس حضرت علی ہجویری اور یوم آزادی کے سیکورٹی پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصل کامران نے ہدایت کی کہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے، تین درجاتی سیکورٹی حصار بنایا جائے اور دربار کے احاطے میں داخلے سے قبل ہر فردکی مکمل تلاشی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام حفاظتی اقدامات، واک تھرو گیٹس، بیریئرز، اور دودھ کی سبیلوں و لنگر خانوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

بلند عمارتوں پر سنائپرز اور روٹس کی سی سی ٹی وی و سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔یوم آزادی کے موقع پر تقریبات اور عوامی مقامات کو بھرپور سیکیورٹی دی جائے گی۔ گریٹر اقبال پارک سمیت تفریحی مقامات پر فرینڈلی پٹرولنگ یونٹس تعینات ہوں گے۔ ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کے تدارک کیلئے اسپیشل پکٹس قائم کی جائیں گی، جبکہ خواتین و فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ شہریوں کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نقص امن پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور پی آریو ٹیموں کی پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ روزانہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور شہریوں میں احساس تحفظ کیلئے فلیگ مارچ بھی جاری رہیں گے۔