اربن پلانٹیشن مہم حیات آباد خوڑ اور اچینی خوڑ کے اطراف سات سات ہزار پودے لگانے کا آغازکر دیا

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)اربن پلانٹیشن مہم حیات آباد خوڑ اور اچینی خوڑ کے اطراف سات سات ہزار پودے لگانے کا آغازکر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنگلات شاہد زمان، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی شاہ فہد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے مشیر خزانہ کو جاری شجر کاری مہم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے بتایا کہ اربن پلانٹیشن مہم کے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور کے رنگ روڈ، جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں کے اطراف اور سنٹر میڈیا پر 36 کلومیٹر تک تناور درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام تناور درختوں کی لمبائی 8 فٹ سے زیادہ رکھی گئی ہے ۔

مہم کے دوران اب تک 11 کلومیٹر پر پودے اور درخت لگائے جاچکے ہیں، مہم میں عوام کو شریک کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ بعد ازاں مشیر خزانہ کو اہم شاہراہوں پر لگائے گئے درختوں کا معائنہ کرایا گیا۔ مشیر خزانہ نے جاری شجر کاری مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ مشیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ اربن پلانٹیشن مہم کی بدولت پشاور کی خوبصورتی میں اضافے سمیت ماحول کی صفائی اور موسمیاتی تبدیلی کے تدارک میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔