آزادی فیسٹول، سائیکل ریس مردان کے فاروق نے جیت لی

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)78ویں یوم جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میںخیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پروفیشنل سائیکل ریس مردان کے فاروق نے جیت لی ، واپڈا کے اویس خان نے دوسری اور ثناء الله نے تیسری پوزیشن حاصل کی ، چائنہ سائیکل کیٹگری میں مردان کے حضرحیات نے 25:45 ٹائم کے ساتھ پہلی ، پشاور کے عاشق اقبال نے 25:46 ٹائم کے ساتھ دوسری پشاور کے بلال نے 25:49 ٹائم کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی ۔

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر ، ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب الله ، جنرل منیجر محمد علی سید ، صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ نثار احمد ، صدر سید شایان علی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

آزادی فیسٹول تقریب کے سلسلے میں صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ سائیکل ریس باب خیبر سے شروع ہوکر پشاور سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی ، سائیکل ریس میں سوسے زائد سائیکلسٹ نے حصہ لیا ، جشن آزادی کی تقریبات میں بائیک ریلی پبی نوشہرہ سے روانہ ہوئی اور جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی پشاور صدر پہنچی۔

جس میں 25 کے قریب بائیکرز شریک ہوئے۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں بائیکرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، جنرل منیجر محمد علی سیداور دیگر بھی ہمراہ موجود تھے۔