رواں مالی سال بھی چیلنجوں سے بھرپور سال ثابت ہو سکتا ہے‘ علی عمران آصف

جمعہ 15 اگست 2025 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ حالات اس امر کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ مالی سال 2025-26 بھی ایک چیلنجوں سے بھرپور سال ثابت ہو سکتا ہے ،ایف بی آر کی آمدنی میں مسلسل بلند شرح سے اضافہ اور جاری اخراجات میں اضافے کو موثر طریقے سے قابو میں رکھنا ہوگا بصورتِ دیگر بجٹ خسارے کا بہت کم ہدف جو کہ جی ڈی پی کے صرف 3.9 فیصد کے برابر ہے حاصل کرنا مشکل ہوگا اور یہ ہدف 2025-26 میں بھی آئی ایم ایف پروگرام کی توجہ کا مرکز بنا رہے گا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ 25کروڑ آباد ی اور ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کو معاشی ترقی کے لئے جو رفتار درکار ہے ہم اس کے مطابق پیشرفت نہیں کر رہے جو تشویش کا باعث ہے ۔ جب تک صحیح سمت ملنے کے بعد معیشت میں حصہ ڈالنے والے تمام شعبے ایک ساتھ اور بر ق رفتاری سے نہیں چلیں گے پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں ۔علی عمران آصف نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے ، خطے سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کیلئے پیداواری لاگت انتہائی زیادہ ہے جس کی وجہ سے ہم عالمی مارکیٹوں میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہیں۔