مچھ بولان ،ایم ایس سول ہسپتال کی قیادت میں ماں کے دودھ کی افادیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک

جمعہ 15 اگست 2025 14:50

مچھ بولان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) عالمی سطح پر ماں کے دودھ کی اہمیت اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے فروغ کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کے تحت سول ہسپتال مچھ میں ایک شاندار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک کی قیادت ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر مشتاق احمد نے کی، جبکہ پیرامیڈیکل عملہ، فیمیل ہیلتھ اسٹاف، نرسز اور دیگر طبی اہلکار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماں کے دودھ کے فوائد سے متعلق نعرے درج تھے۔ واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کے لیے ایک قدرتی اور مکمل غذا ہے جو بچے کی متوازن نشوونما، ذہنی ارتقاء، مضبوط قوتِ مدافعت اور بیماریوں سے تحفظ کے لیے بے مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ماں کو پیدائش کے فوراً بعد بچے کو دودھ پلانا شروع کرنا چاہیے اور پہلے چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلایا جانا چاہیے تاکہ بچہ صحت مند اور توانا رہے ڈاکٹر مشتاق احمد نے مزید کہا کہ ماں کا دودھ نہ صرف بچے بلکہ ماں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے، کیونکہ اس سے ماں میں مختلف بیماریوں کے خدشات کم ہو جاتے ہیں اور ماں اور بچے کے درمیان ایک گہرا جذباتی تعلق قائم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماں کے دودھ کو “پہلی ویکسین” کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بچے کو زندگی کے ابتدائی دنوں میں بیماریوں سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہےاس موقع پر شریک طبی عملے نے عزم کیا کہ وہ عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور ماؤں کو اس قدرتی نعمت سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔ واک کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا کہ معاشرے میں صحت مند نسل کی پرورش ممکن ہو سکے۔\378

متعلقہ عنوان :