برازیل کے وزیر صحت نے اپنی اہلیہ اوربیٹی کے سیاحتی ویزے منسوخ کرنے کے امریکی فیصلے کو بزدلانہ قراردے دیا

ہفتہ 16 اگست 2025 11:00

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) برازیل کے وزیر صحت الیگزاندر پادیلا نے امریکی حکومت کی جانب سے اپنی اہلیہ اور 10 سالہ بیٹی کے سیاحتی ویزے منسوخ کرنے کے فیصلے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان لوگوں کو دھمکانے کی کوشش ہے جو امریکا کے سامنے جھکنے سے انکار کرتے ہیں۔شنہوا کے مطابق الیگزاندر پادیلا نے کہا کہ یہ اقدام امریکا کی جانب سے برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کے خلاف جاری مقدمے پر عائد پابندیوں کا حصہ ہے۔

بولسونارو اس وقت بغاوت کی کوشش کے الزام میں گھر میں نظر بند ہیں۔گلوبو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں الیگزاندر پادیلا نے کہا کہ یہ اقدام بولسونارو کے کیمپ کی سازش ہے اور اس خیال کا مذاق اڑایا کہ ایک 10 سالہ بچہ امریکا کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا نے کئی حکام کے ویزے بھی منسوخ کیے، جن میں سپریم کورٹ کے جج اور وزارت صحت کے دو حکام شامل ہیں، جن کا تعلق ’’موری ڈاکٹرز‘‘ پروگرام سے تھا جس کے تحت کیوبا کے ڈاکٹروں کو پسماندہ علاقوں میں خدمات کے لیے لایا گیا تھا۔

برازیل کی انسٹی ٹیوشنل ریلیشنز منسٹر گلیسی ہوفمین نے ویزے منسوخ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر صحت الیگزاندر پادیلا کے کام کا دفاع کیا اور کہا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے جانیں بچائیں، جبکہ بولسونارو کے اقدامات نے وبا کے دوران ایسا نہیں کیا۔یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں امریکی انتظامیہ نے برازیلی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا اور برازیل کی سپریم فیڈرل کورٹ پر دباؤ ڈالا کہ وہ بولسونارو کیس ختم کرے۔

متعلقہ عنوان :