سیکرٹری سیاحت کا گلیات سے باڑیاں تک سیاحتی مقامات اور باڑیاں سے چھانگلہ گلی تک سڑک کا معائنہ

ہفتہ 16 اگست 2025 20:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سیکرٹری سیاحت،ثقافت،آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے گلیات سے باڑیاں تک کے سیاحتی مقامات اور باڑیاں سے چھانگلہ گلی تک سڑک کا معائنہ کیا جبکہ سیاحتی مقامات پر موجود ہوٹلوں کے سیوریج سسٹمز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران ہوٹل مالکان سے ملاقات میں سیوریج سسٹمز کی اپ گریڈیشن،پائیدار نظام اور ماحول دوست تعمیرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالصمد نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلز بند کر دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت خطے میں پائیدار سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے،اس منصوبے کا بنیادی مقصد انفراسٹرکچر کی ترقی،ثقافتی ورثے کے تحفظ (جیسے گندھارا تہذیب) اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانا شامل ہیں،اس موقع پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے،دورے کا مقصد سیاحتی مقامات پر ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کے اقدامات کا جائزہ لینا اور بہتری کے لیے ٹھوس قابل عمل اقدامات کرنا ہے،ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور،مشیر سیاحت و ثقافت اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق سیاحتی مقامات پر قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ آلودگی کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی خاص طور پر سیوریج کے غیر معیاری نظام اور دریاؤں کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے،ڈاکٹر عبدالصمد نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ خطے میں ثقافتی ایونٹس،سیاحتی میلے اور موسمی تقریبات کا انعقاد کریں تاکہ سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو،انہوں نے گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔