بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کا سنڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کی بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے

ہفتہ 16 اگست 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کا سنڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کی بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے کی ۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں 2007 کے منظور شدہ ورک لوڈ کو بحال کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2010 میں اس وقت کے وائس چانسلر نے ایمرجنسی پاور کے تحت ورک لوڈ کم کردیا تھا، تاہم اب سنڈیکیٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر لیکچرر، اسسٹنٹ پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر کا منظور شدہ ورک لوڈ دوبارہ نافذ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے یونیورسٹی کو سالانہ تقریباً 8 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔اجلاس میں نئے مالی سال کا بجٹ منظور کر لیا گیا جبکہ سلیکشن بورڈ کے زیادہ تر فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ تاہم فیکلٹی ممبران کے بعض اعتراضات کو تفصیلی جائزے کے لیے اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔اجلاس میں جسٹس شہباز علی رضوی، جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم، سید علی حیدر گیلانی، میڈم زاہدہ اظہر، شہباز عباسی، ڈاکٹر دل نواز، پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد، پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ، ڈاکٹر آسیہ ذوالفقار، ڈاکٹر عثمان سلیم، ڈاکٹر ساجد طفیل اور رجسٹرار اعجاز احمد نے بھی شرکت کی۔