ریسکیو 1122 مری کا شہریوں کیلئے الرٹ جاری، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات تیز

پیر 18 اگست 2025 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے کہا ہے کہ خراب موسم اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر ایمرجنسی کور پلان کے تحت بروقت امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی اطلاع ملتے ہی ضروری ریسورسز کے ہمراہ متاثرہ مقام پر روانہ کیا جا رہا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور دیگر امدادی کارروائیوں کو ہر حال میں یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

اس مقصد کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں سرگرم ہیں جبکہ ایمرجنسی الرٹ بھی برقرار رکھا گیا ہے تاکہ بارشوں یا کسی بھی حادثے کی اطلاع پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔ریسکیو 1122 مری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ندی نالوں یا پانی کے ریلوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔

(جاری ہے)

مقامی آبادی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری حفاظتی اقدامات اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

ادارے نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حادثے کی اطلاع براہ راست ہیلپ لائن 1122 پر دیں۔ اس کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا یا سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی اطلاعات پر بھی فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ریسکیو 1122 مری کے ترجمان نے کہا کہ شہریوں کا تعاون ہی بروقت امداد اور قیمتی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔