اسلام آباد؛ ایک مرد صحافی کے ہتک عزت کے دعوے پر 175 خواتین صحافیوں کیخلاف مقدمہ درج

فروری میں یہ مقدمہ دائر کیا گیا جو ہتک عزت، بلیک میلنگ، ہراساں اور بدنام کرنے سمیت الزامات پر مبنی ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ فروری کی ایف آئی آر اب منظر عام پر آئی؛ کورٹ رپورٹر مریم نواز خان کی پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 14:00

اسلام آباد؛ ایک مرد صحافی کے ہتک عزت کے دعوے پر 175 خواتین صحافیوں کیخلاف ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مرد صحافی کے ہتک عزت کے دعوے پر 175 خواتین صحافیوں کیخلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ کورٹ رپورٹر مریم نواز خان کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد پریس کلب کی 175 خواتین صحافیوں کے خلاف ایک مرد صحافی کے ہتک عزت کے دعوے پر پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے ایک صحافی ناصر خان خٹک نے اپنی اہلیہ سلمیٰ شاہد سے علیحدگی کے بعد سابقہ اہلیہ کی پریس کلب کی ممبر شپ کینسل کرنے کے لیے پریس کلب خواتین ونگ کی سربراہان نیر علی، مائرہ عمران اور سحرش قریشی سے رابطہ کیا، جب خواتین کی نمائندگان نے طلاق کی بنیاد پر خاتون صحافی کی ممبر شپ کینسل کرنے سے انکار کیا تو ناصر خان خٹک نے نیشنل پریس کلب کے گروپ میں شامل تمام 175 خواتین پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کرا دیا۔

(جاری ہے)

                                                
مریم نواز خان کا کہنا ہے کہ فروری میں یہ مقدمہ دائر کیا گیا جو ہتک عزت، بلیک میلنگ، ہراساں اور بدنام کرنے سمیت الزامات پر مبنی ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ فروری کی ایف آئی آر اب منظر عام پر آئی اور خواتین صحافیوں کو اس وقوعے کا علم تک نہیں مگر چوں کہ پیکا قانون نے کھلی چھوٹ دے دی ہے کہ کوئی بھی کبھی بھی مقدمے کا اندراج کسی کے بھی خلاف کرا سکتا ہے لہذا پتا چلا کہ ہم سب پر مقدمہ درج ہے اور مرکزی فریقین کے نام بھی آج ہی پہلی بار سنے ہیں۔