فلپائن: زلزلے میں 72 افراد ہلاک، 20 ہزار زیادہ بے گھر

یو این جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:15

فلپائن: زلزلے میں 72 افراد ہلاک، 20 ہزار زیادہ بے گھر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 اکتوبر 2025ء) فلپائن میں آنے والےزلزلے میں 72 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 20 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ہسپتالوں پر بوجھ میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

6.9 شدت کا یہ زلزلہ 30 ستمبر کو رات دس بجے بوگو شہر کے ساحلی علاقے سیبو میں آیا جس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

زلزلہ آنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں افراتفری پھیل گئی۔ حکام نے ابتداً سونامی کی وارننگ بھی جاری کی جسے بعد ازاں واپس لے لیا گیا۔

Tweet URL

زلزلے سے بوگو، میڈیلن اور سان ریمگیو میں 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

اس آفت نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 11 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا ہے جن کی بڑی تعداد ثانوی جھٹکوں کے خوف سے اپنے تباہ شدہ گھروں کے باہر یا کھلی جگہوں پر مقیم ہے۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، فلپائنی حکام نے چار علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امدادی کوششوں کے لیے ہنگامی بنیاد پر وسائل جاری کیے گئے ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے ایک مرکز بھی بنایا گیا ہے۔

ہسپتالوں پر شدید دباؤ

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، زلزلے سے مکانات، گرجا گھروں، سکولوں، سرکاری عمارتوں اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کم از کم دو بندرگاہیں بھی زلزلے سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ کئی سڑکیں جزوی طور پر بند ہیں جس کے باعث امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔

امدادی شراکت داروں نے پناہ کے سامان، صاف پانی اور امدادی رسائی کو فوری ترجیح قرار دیا ہے جبکہ متاثرین کو صحت و صفائی اور پانی صاف کرنے کا سامان پہنچانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے بھی بے گھر ہو جانے والے لوگوں کی مدد کا اعلان کیا ہے۔

اس آفت نے طبی خدمات کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ شمالی سیبو کے ہسپتال اپنی گنجائش سے کہیں زیادہ دباؤ میں ہیں جبکہ طبی مراکز ہمسایہ صوبوں سے لائی گئی ہنگامی طبی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں مغربی الکاہل خطے کے ریجنل ڈائریکٹر سائیا ماؤ پیوکالا نے کہا ہے کہ ادار ےکا دفتر حکومت کو ہر ممکن مدد پہنچائے گا۔

340 ثانوی جھٹکے

زلزلے کے بعد سے اب تک اس کے 340 سے زیادہ ثانوی جھٹکے آ چکے ہیں جن کی شدت 4.8 تک رہی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں یہ جھٹکے جاری رہنے کا امکان ہے۔

پیوکالا نے امدادی کارروائیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فلپائن سمیت خطے کے 37 ممالک قدرتی آفات کے خطرے سے دوچار ہیں۔ بحرالکاہل کے 'رنگ آف فائر' پر واقع فلپائن کو تواتر سے زلزلوں، آتش فشاں پھٹنے اور طوفانوں کا سامنا رہتا ہے جبکہ موسمیاتی بحران نے ان خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ملک میں اقوام متحدہ کی ٹیم نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور ان کے ساتھ مسلسل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عملے اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہا ہے۔