Live Updates

شمع جونیجو نے کہا نیتن یاہو کیساتھ ملاقات ہوئی تو سیلفی لوں گی

یہ خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی تھی اور شہباز شریف کی تقاریر لکھنے کا بتا رہی، اتنے سنجیدہ وفد میں کس نے اس کی شمولیت کا حکم دیا؟ اسد قیصر کا سوال

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:22

شمع جونیجو نے کہا نیتن یاہو کیساتھ ملاقات ہوئی تو سیلفی لوں گی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 03 اکتوبر 2025ء ) اسد قیصر کا کہنا ہے کہ شمع جونیجو نے کہا نیتن یاہو کیساتھ ملاقات ہوئی تو سیلفی لوں گی، یہ خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی تھی اور شہباز شریف کی تقاریر لکھنے کا بتا رہی، اتنے سنجیدہ وفد میں کس نے اس کی شمولیت کا حکم دیا؟۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جس نے پاکستان کی خودمختاری کیلئے اپنی حکومت قربان کی، عمران خان نے ملک کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

اس وقت فلسطین میں بھی یہ آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ کاش اس وقت پاکستان کا حکمران عمران خان ہوتا۔ فلسطین سے ویڈیو آئی ہے جس میں لوگ نعرے لگا رہے ہیں کہ عمران خان واحد لیڈر تھا جس نے اقوام متحدہ میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔

(جاری ہے)

اس نے فلسطین کی آواز بہت ہمت اور جرات سے اٹھائی۔ عمران خان نے پاکستان کی خودمختاری کے لیے اپنی حکومت قربان کی لیکن اپنے ملک کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیل کی حراست میں ہے اس کیلئے حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں حکومت جواب دیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ فلسطین کا ہے۔ ابھی صدر ٹرمپ نے اپنا 20 نکاتی ایجنڈا پیش بھی نہیں کیا تھا کہ شہباز شریف نے ٹویٹ کرکے اس کا خیر مقدم کیا۔ بجائے اس کے کہ فلسطینیوں سے پوچھتے، جن کا یہ مسئلہ ہے اور جو ایک فریق ہونے کے ناطے سب سے زیادہ ظلم و جبر کا شکار ہیں، انہوں نے بغیر پارلیمان اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کیے خیر مقدم کا ٹویٹ کر دیا۔

شہباز شریف نے پوری قوم کے جذبات کی توہین کی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس اہم مسئلے پر پارلیمان میں پوری بحث ہونی چاہئے۔ آج فلسطینی عوام خود کہہ رہے ہیں کہ کاش پاکستان کا وزیراعظم عمران خان ہوتا کیونکہ کسی نے بھی ان کی طرح فلسطینی عوام کا مقدمہ اقوامِ متحدہ میں نہیں لڑا۔ عمران خان نے دلیری کے ساتھ مسلم امہ کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ حالی کا شکار ہے، 26 بڑی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان چھوڑ کر جا چکی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر اور سابقہ فاٹا کی صورتحال بھی تشویشناک ہے جس پر شدید تشویش ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس نااہل حکومت سے نجات حاصل کرکے فوری نئے انتخابات کرائے جائیں تاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات