حالیہ قدرتی آفات کے متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کیلئے پندرہ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

بدھ 20 اگست 2025 11:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) نیشنل گروپ کے لیڈر میاں محمد جاوید اقبال اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کی سربراہی میں ایک پندرہ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو حالیہ قدرتی آفات کے متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کیلئے فنڈ جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بحالی کیلئے بھی حکومت اور مسلح افواج سے تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

بزنس کمیونٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرچیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے بادل پھٹنے کے نتیجہ میں سیلابی ریلوں میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور بے گھر ہونے والوں کو ہر قسم کی امداد اور بحالی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے مخیر لوگوں نے پہلے بھی قدرتی آفات سے متاثر ہونے والوں کی مدد کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے اور وہ اس دفعہ بھی اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد کیلئے قائم کمیٹی منظم طریقے سے راشن اور امدادی سامان جمع کرے گی جسے حکومت کے متعلقہ اداروں کی معاونت سے تقسیم کیا جائے گا۔ اجلاس میں میں چیمبر کے ممبران کے علاوہ مختلف صنعتی، تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :