محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال کی جانوروں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 20:08

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے فارمرز کو ستمبر اور اکتوبر کے مہینے میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا ہے کہ منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جس سے بھینسوں و گائیوں کی زبان، تالو، مسوڑھوں، ہوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں ، تیز بخار ہو جاتا ہے ، جانورخوراک کھانا بندکرنے کردیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار بھی کم کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسی طرح بھیڑوں و بکریوں کے منہ میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں اور رال ٹپکنا شروع ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتیوں و کسانوں کومزید ہدایت کی کہ وہ زیادہ گوشت اور اچھی اون کیلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں ، بھیڑوں کی اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بھیڑ بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ماہرین لائیو سٹاک کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائے جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کردیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لائیواسٹاک کی فری ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :