محکمہ زراعت کا فاسفین گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن

بدھ 20 اگست 2025 23:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کی ٹیم نے گندم ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی ایلومینیم فاسفائیڈ (فاسفین) گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ممنوعہ گولیاں برآمد کرلیں۔ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز شاہد حسین نے احمد پور شرقیہ میں ایک پنسار اسٹور کی چیکنگ کے دوران یہ کارروائی کی۔

دوران چیکنگ یہ بات سامنے آئی کہ اسٹور مالک محمد جہانزیب بغیر رجسٹریشن اور ڈیلرشپ انوائس کے غیر قانونی طور پر فاسفین گولیاں فروخت کر رہا ہے جو کہ زرعی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ضبط شدہ گولیاں بطور مال مقدمہ پولیس کے حوالے کر دی گئیں جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے لیے استغاثہ تھانہ احمد پور شرقیہ میں جمع کرا دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین نے کہا کہ ایلومینیم فاسفائیڈ گولیاں ایک انتہائی زہریلا کیمیکل ہے جس کا استعمال صرف ماہرین کی نگرانی اور مخصوص شرائط کے تحت ہی ممکن ہے۔

اس کا غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی استعمال نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہے بلکہ خوراک کے تحفظ اور ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی کارروائیاں اس عزم کی عکاس ہیں کہ عوامی صحت، غذائی تحفظ اور زرعی زہروں کے محفوظ و قانونی استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔