بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے دو غیر قانونی فوڈ یونٹس کو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر موقع پر سیل کر دیا

بدھ 20 اگست 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سرکی روڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو غیر قانونی فوڈ یونٹس کا سراغ لگایا، جنہیں مختلف وجوہات و فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر موقع پر سیل کر دیا گیا۔ مذکورہ یونٹس میں ایک کھویا سپلائر اور ایک جوس پروڈکشن یونٹ شامل تھا جو رہائشی مکانات میں خفیہ طور پر قائم کیے گئے تھے۔

انسپیکشن کے دوران کھویا سپلائر کے پاس کسی بھی قسم کی رسید یا ٹریس ایبلٹی ریکارڈ موجود نہ تھاجبکہ یونٹ میں کھویا انتہائی ناقص اور غیر صحت بخش حالت میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ مزید برآں یونٹ بی ایف اے کے لائسنس کے بغیر چلایا جا رہا تھا۔دوسری جانب جوس پروڈکشن یونٹ میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ برانڈز کے نام سے مشروبات تیار کیے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ٹیم کو معلوم ہوا کہ خام مال اور تیار شدہ مصنوعات کا ذخیرہ انتہائی خراب حالت میں تھا جبکہ پروسیسنگ لائن بھی ناقص اور غیر معیاری پائی گئی۔

جوس پیکنگ پر غلط ایڈریس اور جعلی رابطہ نمبرز درج تھے اور کوئی لیب رپورٹ بھی فراہم نہ کی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونٹ میں تیار ہونے والے چار مختلف برانڈز کے جوس کے نمونے موقع پر لے کر لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ کر دیے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ مصنوعات عوامی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی تھیں جس کی بنائ پر یونٹس کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ ترجمان بی ایف اے کا کہنا ہے کہ عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے کسی کو بھی غیر معیاری اور جعلی مصنوعات تیار کرنے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :