ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی سربراہی میں جی ڈی اے کے تعمیر کردہ جیٹیز سے متعلق اجلاس

جمعرات 21 اگست 2025 19:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی سربراہی میں جی ڈی اے کے تعمیر کردہ جیٹیز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹان پلاننگ شاہد علی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سربندر جیٹی محمد حنیف اور چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران جیٹیز کی توسیعی منصوبوں، بزنس ماڈل کے تحت چلانے، دیکھ بھال، مرمت اور ڈریجنگ سمیت نئے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر کہا کہ جی ڈی اے نے ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور ماہی گیری کے شعبے کی ترقی کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ جیٹیز کے قیام سے ماہی گیروں کو فری سہولیات میسر آئیں، جنہیں مزید جدید اور مثر بنانے کے لیے ان کی توسیع، جدید سہولیات کی فراہمی اور باقاعدہ مینٹیننس یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جیٹیز کو بزنس ماڈل کے تحت چلایا جائے گا تاکہ ان کی آمدن میں بھی اضافہ ہو اور ادارہ مزید مستحکم ہو سکے۔

اجلاس میں اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بعض افراد نے سربندر جیٹی پر جال، اوزار اور بھاری سامان مستقل طور پر رکھا ہوا ہے، جو نہ صرف ماہی گیروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے بلکہ جیٹی کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ واضح ہدایت کی گئی کہ متعلقہ افراد فوری طور پر اپنا سامان ہٹائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :