Live Updates

اگست ،ستمبر میں کپاس کی فصل پر ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کےلئے مربوط حکمت عملی سے پیداوار میں اضافہ ممکن ہے، ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 22 اگست 2025 12:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ اگست، ستمبر میں کپاس کی فصل پر ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کےلئے مربوط حکمت عملی سے پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے ایڈوائزری برائے نگہداشت کپاس سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو اب کپاس کی فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کرنی چاہیے اور زہر پاشی کا استعمال کیڑے کی معاشی نقصان کی حد پر کریں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کے کھیت اور اسکے ارد گرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کریں۔نائٹروجنی کھادوں کا استعمال فصل کی ضرورت کے مطابق 30اگست تک مکمل کر لیں لیکن ضرورت سے زیادہ استعمال فصل کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فصل کو پانی کی کمی سے بچائیں اور فصل کی ضرورت اور موسمی حالات کے مطابق آبپاشی کریں۔

(جاری ہے)

15 سے20 پیلے چپکنے والے کارڈ ز فی ایکڑ لگائیں اور 15 دن کے وقفے کے بعد چپکنے والا گلو دوبارہ لگائیں اور جہاں سفید مکھی کے حملے سے بچاؤ کے لیے حیاتیاتی محلول ایکسٹریکٹس بائیوکا بھی سپرے کریں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی بائیو لوجیکل لیبارٹریز سے دستیاب بائیو کارڈ کرائی سوپرلاکے 20 کارڈز فی ایکڑ لگائیں اورسپرے کرتے ہوئے بالغ اور انڈے بچوں کے خلاف بھی زہر شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ مخصوص زرعی زہروں کا استعمال مناسب وقت، مقدار اور سپرے کے طریقہ کار کے مطابق کریں،ایک ہی کیمسٹری کی زرعی زہروں کے بار بار استعمال سے گریز کریں اور سپرے کی مناسب کوریج کو یقینی بنائیں،ترجیحی طور پر پاور سپریئر کااستعمال کریں سپرے کے لیے اچھی کوالٹی کی ہولو کون نوزل کا استعمال کریں۔

زرعی زہروں کا سپرے ترجیحاً شام کے وقت کریں، گلابی سنڈی کے لیے الرٹ رہیں اور باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھیں نیز ابتدائی حملہ کی صورت میں مدھانی نما پھول نمودار ہونے پر ہاتھوں سے تلف کر دیں۔ اگر حملہ سے متاثرہ پانچ فیصد پھول یا ٹینڈے یا دونوں ملا کر ظاہر ہونے پر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ سے مشاورت کرکے زرعی زہر کا سپرے کریں۔علاوہ ازیں بارش کے بعد پانچ سو گرام میگنیشیم سلفیٹ، 200 گرام قلمی شورہ اور 250 گرام زنک سلفیٹ، 200 گرام بورک ایسڈ 17 فیصدی ہمراہ ایک سے دو کلو گرام یوریا کھاد کے محلول بنا کر سو لیٹر پانی کے ساتھ فی ایکڑ سپرے کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات