Live Updates

پودینہ سال میں 2 مرتبہ ستمبراکتوبراورفروری مارچ میں کاشت کیا جاسکتا ہے ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد

جمعہ 22 اگست 2025 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعامر صدیق نے کہا ہے کہ پودینہ سال میں 2 مرتبہ ستمبر اکتوبر اورفروری مارچ میں کاشت کیا جاسکتا ہےاور ایک ایکڑ پرپودینے کی کاشت کےلئے 80سے 90 ہزار پرانے پودوں کی ٹہنیاں یا جڑوں کے ٹکڑے درکار ہوتے ہیں۔انہوں نے پودینے کی کاشت کے لئے زمین میں پانی رکھنے کی صلاحیت کی حامل اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس کھیت میں پودینہ کاشت کرنا ہو اس میں سبز کھاد دبانے کا بندوبست بھی ضروری ہے نیز اس کے علاوہ کاشت سے 2ماہ قبل6 سے8 ٹرالیاں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر زمین میں ملا دی جائے اور کھیت کو اچھی طرح ہموار کرنے کے بعد پانی لگا دیاجائے جس کے بعد وتر آنے پر2 دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر جڑی بوٹیاں اگنے کے لئے چھوڑ دی جائیں تاکہ زمین بہتر اندازمیں تیار ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت میں 5 بوری سپر فاسفیٹ،1 بوری امونیم سلفیٹ اور1 بوری پوٹاش والی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے یا2 بوری ڈی اے پی اور1 بوری پوٹاش والی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے ڈالنے کے بعد3 سے 4مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین تیار کر لیں۔انہوں نے کہاکہ کھیت کو 5مرلہ کی چھوٹی چھوٹی کیاریوں میں تقسیم کر لیا جائے اور 30 سینٹی میٹر پر نشان لگانے کے بعد ان قطاروں میں 15 سینٹی میٹر کے فاصلے پر کھرپے کی مدد سے پودینے کی جڑ یا پرانی ٹہنی کے ٹکڑے کاشت کردیئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پودینہ کو 75 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر بنائی گئی 12 سے 15 سینٹی میٹر اونچی پٹڑیوں پر بھی کاشت کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پودینہ کو کاشت کرنے کے فوراً بعد آبپاشی کردی جائے اور ایک ہفتہ کے وقفے سے آبپاشی جاری رکھنی چاہیے تاہم ستمبر اکتوبر میں پانی کا وقفہ بڑھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بارش کی وجہ سے بھی پانی کے وقفہ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے نیز اگر جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو انہیں کھرپے کی مدد سے گوڈی کرکے نکال دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ جب پودے 15 سے 20سینٹی میٹر اونچے ہوجائیں تو اسے کاٹ کر چھوٹی چھوٹی گچھیاں بنالی جائیں تاکہ ان کی فروخت شروع کی جاسکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :