میلبرن اسٹارز کا پاکستانی شائقین کیلئے ہائوس آف رؤف اسٹینڈ بنانے کا اعلان

اس اقدام سے پاکستانی کلچر، کھانے اور موسیقی کے ذریعے ایک منفرد ماحول بنایا جائے گا

جمعہ 22 اگست 2025 16:53

میلبرن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)بگ بیش لیگ کی فرنچائز میلبرن اسٹارز نے پاکستانی شائقین کے لیے ایم سی جی میں خصوصی اسٹینڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق خصوصی اسٹینڈ کو میلبر اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں قائم ہونے والے خصوصی اسٹینڈ کو ہاؤس آف رؤف کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ پاکستانی شائقین اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو کھیل سے جوڑنے کے لیے کیا گیا ہے اور اس کے لیے حارث رؤف کو مرکزی ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔حارث رؤف 2019 سے میلبرن اسٹارز کے ساتھ منسلک ہیں۔ وہ اب تک ایونٹ کے 22 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔میلبرن اسٹارز کے جنرل منیجر میکس ایبٹ نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی کلچر، کھانے اور موسیقی کے ذریعے ایک منفرد ماحول بنایا جائے گا، یہ کرکٹ آسٹریلیا کے ’’ملٹی کلچرل ایکشن پلان‘‘ کا حصہ ہے۔یاد رہے کہ بگ بیش لیگ کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، میلبرن اسٹارز 18 دسمبر کو ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف اپنی مہم شروع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :